’غربت اور رشوت ختم کریں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیپال کے شاہ گیئیندرا کی سربراہی میں بننے والی حکومت نے رشوت ستانی اور غربت کے خاتمے کے لیےمہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ نیپالی کابینہ کے پہلے اجلاس میں عہدے کے ناجائز استعمال اور سمگلنگ کے ذریعے بنائی جانے والی جائیدادوں کو ضبط کرنے اور قومی ملکیت میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ جلد از جلد یہ زمین بےزمین افراد میں تقسیم کر دے گی۔ نیپال میں بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سے نیپال کے بیشتر سیاسی رہنما اپنے اپنے گھروں میں نظر بند ہیں اور کسی کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ نیپال کی سب سے بڑی سیاسی جماعت نیپالی کانگرس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت پر شاہی قبضہ عوام کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ادھرمغربی نیپال کے شہر نیپال گنج میں بم دھماکے اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔بارہ افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس دھماکے کے پیچھے ماؤ نواز باغیوں کا ہاتھ ہے۔ یاد رہے کہ ماؤ نواز باغیوں نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف تین دن کی ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ جمعہ کو پولیس اور فوج نے اس ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے زبر دستی دکانیں اور بازار کھلوائے تھے اور یہ دھماکہ اس کا ردعمل خیال کیا جا رہا ہے۔نیپال گنج مغربی نیپال کا وہ حصہ ہے جہاں ماؤ نواز باغی سب سے زیادہ سرگرم ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||