 |  برطانیہ کی نیشنل کریمینل انٹیلیجنس سروس نے لوگوں سے کہا ہے کہ فراڈیوں سے ہوشیار رہیں |
برطانوی پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ سونامی کے متاثرین کی مالی امداد کرتے وقت ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو سمندری تباہی کے نام پر لوگوں کو لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے کہاہے کہ دھوکے باز لوگوں کو ای میل کے ذریعے امدادی فنڈ میں پیسے جمع کرانی کی ترغیب دیتے ہیں اور اس طرح لوگوں کے اکاؤنٹ نمبر، کریڈٹ کارڈ جیسے فنانشل معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق بعض افراد امدادی اداروں کی جعلی ویب سائٹوں سے بھیجے جانے والی ای میل پیغامات کے ذریعے کمپیوٹر وائرس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برطانیہ کی نیشنل کریمینل انٹیلیجنس سروس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سونامی کے متاثرین کی مالی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں لیکن دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں۔ باکسنگ ڈے کو آنے والے سونامی سمندری طوفان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے خبردار کیا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ سونامی کے متاثرین کے لیے امدادی رقوم جمع کرنے میں کمپیوٹر فراڈ سے متعلق پولیس وارننگ ایک ایسے وقت جاری کی گئی ہے جب چیرٹی کمیشن نے جعلی امدادی اداروں کے وجود کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ بعض ای میل پیغامات میں گم شدہ رشتہ داروں کو ڈھونڈنے کی پیش کش کی گئی ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ امدادی رقوم غیر ملکی بینکوں میں جمع کرائیں۔ |