سکیورٹی: حماس کی ریلی منسوخ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی شدت پسند تنظیم حماس نے اچانک اپنی سالانہ ریلی اس خدشے کے تحت منسوخ کردی ہے کہ کہیں اسرائیل اس کے رہنماؤں پر حملہ نہ کردے۔ پہلے سے طےشدہ پروگرام کے تحت یہ ریلی جمعہ کے روز غزہ شہر کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد کی جانی تھی۔ حماس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو حماس کی کارروائی میں پانچ اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اس بات کا خطرہ بڑھ گیا ہے کہ اسرائیلی فوج انہیں نشانہ بنائے گی۔ حماس کے ترجمان مشیر المصری کا کہنا تھا کہ ریلی منسوخ کرنے کے فیصلے سے ’ہزاروں لوگوں کی جان کی تحفظ ممکن ہوگی جو ہر سال ریلی میں شرکت کرنے آتے ہیں۔‘ یہ ریلی پہلی فلسطینی تحریک مزاحمت انتفادہ کے دوران حماس کے قیام کی سترہویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔ حماس کی ریلیوں میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جاتا ہے اور نقاب پوش مسلح افراد اسرائیل پر کامیاب حملوں کو عظیم کامیابی کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ سال لگ بھگ ایک لاکھ افراد نے ریلی میں شرکت کی تھی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیلی فوج نے حماس کے دو بڑے رہنما شیخ احمد یسین اور عبدالعزیز الرنتیسی سمیت کئی رہنماؤں کو ہلاک کردیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||