ووٹرز کیلئے صدر بش کا پیغام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش اپنی انتخابی مہم کے اہم موضوع یعنی دہشت گردی مخالف مہم پر ووٹروں کی توجہ پھر دلانے والے ہیں۔ امریکی وقت کے مطابق پیر کی شام نیوجرسی میں دہشت گردی کے موضوع پر تقریر کرنے سے قبل وہ وائٹ ہاؤس میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کے لئے تینتیس بلین ڈالر کے فنڈ کیلئے دستخط کرینگے۔ اس دوران ان کے ڈیموکریٹِک چیلنجر جان کیری ریاست فلوریڈا میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلوریڈا ایک اہم سوِنگ ریاست ہے جہاں ووٹروں کی ایک اہم تعداد نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے اور یہ ریاست کسی کی بھی جھولی میں جاسکتی ہے۔ کئی رائے شماری کے جائزوں سے لگتا ہے کہ ملکی سطح پر جارج بش اور جان کیری کو ووٹروں کی لگ بھگ برابر کی ہی حمایت حاصل ہے۔ ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی این این اور اخبار یو ایس اے ٹوڈے کیلئے کرانے جانے والے گیلپ ادارے کی ایک تازہ رائے شماری کے مطابق جارج بش کو جان کیری کے مقابلے میں ان لوگوں کی زیادہ حمایت حاصل ہے جو سمجھتے ہیں کہ وہ پولنگ بوتھ تک ووٹ ڈالنے ضرور جائیں گے۔ لیکن خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جان کیری کچھ اہم سوِنگ ریاستوں میں جارج بش سے آگے ہیں۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امریکی انتخابات میں ملک کی داخلی سیکیورٹی ووٹروں کے لئے اہم موضوع ہے اور یہ ایسا موضوع ہے جو جارج بش کے لئے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ نیوجرسی، جہاں جارج بش اپنی تقریر کرنے والے ہیں، وہ ریاست ہے جس نے گزشتہ انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار الگور کو ووٹ دیا تھا لیکن یہاں کے سب سے زیادہ باشندے گیارہ ستمبر کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔ جارج بش کی جماعت سمجھتی ہے کہ اس بار اسے نیوجرسی میں کامیابی ملے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||