فلوجہ پر امریکی حملے، تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق کے شہر فلوجہ کے مشرقی حصے میں امریکی فوج اور مزاحمت کاروں میں شدید لڑائی جاری ہے دوسری طرف بغداد میں دو امریکی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ فلوجہ میں اتوار کو ہونے والی لڑائی میں امریکی ٹینک مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں پر گولے برسا رہے ہیں جب کے مزاحمت کار مارٹروں اور راکٹوں کے ذریعے چلائے جانے والے گرنیڈوں سے جوابی حملے کر رہے ہیں۔ فلوجہ شہر میں تازہ جھڑپیں امریکی فوج کے ایک فضائی حملے کے بعد شروع ہوئیں جس میں اطلاعات کے مطابق تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شہر سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ تاہم تازہ جھڑپوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ فلوجہ شہر کا جمعرات سے محاصرہ جاری تھا۔ امریکی طیارے اس تین لاکھ آبادی والے صنعتی شہر کو مسلسل کئی دنوں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔ فلوجہ شہر کےمضافاتی علاقوں سے بہت سے لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقلِ مکانی کر گئے ہیں۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے جولان ضلع میں واقع ابو مصعب الزرقاوی کے حامیوں کی ایک چوکی پر فضائی حملے کیا گیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق اس چوکی پر بڑی تعداد میں مسلح مزاحمت کار موجود تھے اور وہ وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو حراساں کر رہے تھے۔ اس چوکی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ابو مصعب الزرقوی کے مزاحمت کار اس چوکی کے ذریعے پورے شہر کو کنٹرول کر رہے تھے۔ امریکی فوج کے مطابق بغداد میں اس کے دو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گئے ہیں جس میں دو امریکی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر بغداد کے جنوب مغرب میں تباہ ہوئے۔ تاہم اس حادثے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق مئی 2003 کے بعد سے لے کر اب تک مزاحمت کار 27 امریکی ہیلی کاپٹر گرا چکے ہیں۔ جمعہ کو بھی شام کی سرحد کے قریب ہی عراقی شہر قائم میں ایک خودکش حملے میں تین امریکی فوجی اور ان کا ایک مترجم ہلاک ہو گیا تھا جبکہ چوتھا فوجی شدید زخمی ہو گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||