خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اس وقت ریکارڈ اضافہ ہو گیا جب منگل کو امریکہ میں ہلکے خام تیل کی قیمت پچاس ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔ منگل کے روز گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق صبح چار بج کر پچاس منٹ پر ایشیائی تجارت میں امریکی ہلکے خام تیل کی قیمت پچاس اعشاریہ پینتیس ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ امریکی ہلکے خام تیل کی قیمت پیر کی شب نیویارک میں اننچاس اعشاریہ چونسٹھ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ لندن میں پیر کے روز برینٹ کروڈ کی قیمت چھیالیس اعشاریہ اٹھائیس ہو گئی جو مارکیٹ کے بند ہونے سے پہلے پینتالیس اعشاریہ نوے تک جا پہنچی۔ تیل کے تاجروں کا کہنا ہے کہ نائجیریا میں پھیلی بدامنی کے باعث بھی تیل کی قیمت متاثر ہو رہی ہیں۔ تیل کی بڑی کمپنیوں شیل اور ایجپ نے حالیہ دنوں میں جنوبی نائجیریا ڈیلٹا سے اضافی عملے کو واپس بلا لیا ہے کیونکہ اس علاقے میں حکومت باغیوں کے خلاف سرگرم ہے اور جھڑپیں جاری ہیں۔ تیل کے تاجروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس اور مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||