تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلس اضافہ جاری ہے اور امریکہ میں خام تیل کی قیمت پچاس ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافے کی وجہ نائیجریا کے تیل پیدا کرنے والے علاقے میں کشیدگی کے باعث وہاں سے تیل کی سپلائی میں رکاوٹ کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان سے امریکی تیل کی انڈسٹری متاثر ہوئی ہے جبکہ عراق میں جاری کشیدگی بھی اس اضافے کی وجہ بتائی جارہی ہے۔ تیل کی صنعت کے مبصرین کا کہنا ہے کہ اب قیمتوں میں کمی کی بہت کم امید ہے کیونکہ اس صنعت کو مسلسل دھچکے لگ رہے ہیں۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے صدر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عالمی معیشت کے لئے خطرہ ہیں لیکن اوپیک اس سلسلے میں کچھ خاص نہیں کر سکتا۔ تیل کے تاجر حال میں سعودی عرب میں پولیس اور اسلامی عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والے تصادم کو بھی تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وجہ بتارہے ہیں۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک نے ترقی یافتہ ممالک کے دباؤ کے تحت پہلے ہی تیل کی پیداوار میں اضافہ کر رکھا ہے اور اب انہیں امید صرف سعودی عرب سے ہے جو اپنی تیل کی پیداوار میں مزید اضافے کے بارے میں غور کررہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||