امریکہ کا ایران پر دباؤ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے کہا کہ امریکہ ابھی بھی چاہتا ہے کہ بقول اس کے جوہری مواد کے بارے میں بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے پر ایران کے معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھانا چاہیے۔ کولن پاول بین الاقوامی جوہری ادارے آئی اے ای اے کی رپورٹ پر رد عمل دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے یورینیم کی افژودگی میں کام آنے والے آلات کی پیداوار اور تجربے نہ کرنے کا با ضابطہ اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیاروں میں کام آنے والے یورینیم کی تیاری بند کر دے۔ ایران کی طرف سے آلات کی تیاری ختم کرنے کے اعلان کی اطلاعات اس وقت ملی ہیں جب آئی اے ای اے کے اجلاس میں چند روز رہ گئے ہیں جس میں معاملے کو سلامتی کونسل میں بھیجنے یا نہ بھیجنے کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔ امریکہ نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ خفیہ طور پر جوہری پروگرام پر کام کر رہا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُر امن ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||