12 پولیس والوں سمیت 42 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی عراق میں کرکک کے خود کش حملے میں 17 اور موصل کی لڑائی میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کے لطیفیہ میں 12 پولیس والوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ شمالی عراق میں کرکک کے مقام پر ایک کار بم دھماکے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور بیس کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ کرکک میں ایک پولیس اکیڈمی کے باہر اس وقت ہوا جب دن کے اختتام پر لوگ ٹریننگ اکیڈمی سے واپس جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے اکیڈمی کے نزدیک پہنچتے ہی اپنے آپ کو کار سمیت اڑا دیا۔ دھماکے سے وسیع پیمانے پر نقصان ہوا اور جب ایمبولینس گاڑیاں وہاں پہنچیں تو سات کاریں بھی وہاں جل کر راکھ ہو چکی تھیں۔ شمالی شہر موصل میں مزاحمت کاروں اور امریکی فوج کے درمیان لڑائی میں ہسپتال کے ذرائع کے مطابق تیرہ افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی فوجی موصل میں مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لڑائی میں اس وقت شدت آئی جب امریکی ہیلی کاپٹر کو دھماکوں اور مشین گن کی فائرنگ کے دوران نیچے اترنے پر مجبور کر دیا گیا۔ جنوبی بغداد میں دو سو کے قریب عراقیوں کو مشتبہ سمجھ کر گرفتار کیا گیا ہے اور لطیفیہ میں بارہ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ عراق میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عراق میں پولیس پر حملے ایک معمول بن چکے ہیں۔ کیونکہ مزاحمت کار یہ سمجھتے ہیں کہ پولیس میں شامل ہو کر یہ لوگ ملک دشمن بن گئے ہیں۔ ادھر جنوبی عراق میں حملہ آوروں نے بصرہ کے قریب تیل کی ایک پائپ لائن کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔ دو روز پہلے کرکک میں تخریب کاری کے ایک واقعے میں شمالی عراق میں تیل سپلائی کرنے والی تیل کی پائپ لائن کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||