ملیشیا کو کچل دیا جائے گا: علاوی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی وزیراعظم ایاد علاوی نےاس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان مسلح لوگوں کو کچل دیں گے جو ان کے بقول ’عراق میں معاملات کو دشوار بنا رہے ہیں‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار بصرہ کے قریب ہونے والے ایک دھماکے اور بغداد میں جھڑپوں کے دوران متعدد افراد کی ہلاکت کے بعد کیا ہے۔ بصرہ کے دھماکے سے تیل کی پائپ لائن کو نقصان پہنچا ہے اور یہ دھماکہ اسی علاقے میں ہوا ہے جہاں جمعرات کو بھی دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں آٹھ پائپ لائنوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس سے قبل بغداد کے علاقے صدر سٹی میں ریڈیکل شیعہ رہنما مقتدی الصدر اور امریکی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں میں عربی ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کے مطابق سات افراد ہلاک ہو ئے تھے۔ امریکی فوج نے کہا ہے کہ بغداد کے شمال میں موصل شہر کے قریب دو مختلف چھڑپوں میں انہوں نے دو مسلح عراقیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ امریکی فوج اور عراقی مزاحمت کاروں میں تل افار کے قصبے کے قریب بھی شدید لڑائی ہوئی ہے۔ اس علاقے میں عراقی مزاحمت کارروں نے امریکی فوجی دستے پر حملہ کر دیا جواب میں امریکی فوج کی جوابی فائرنگ میں تیئس عراقی زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل ہفتے کو بغداد کے مغرب میں فلوجہ میں بھی شدید لڑائی ہوئی تھی۔ عراقی مزاحمت کاروں اور امریکی فوج کے درمیان ہونے والی اس لڑائی میں امریکی جنگی طیاروں اور ٹینکوں نے مزاحمت کارروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس لڑائی میں بھی کئی افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔ اسی دوران بعقوبہ میں ایک پولیس ناکے پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے چھ پولیس والوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||