عراق: بڑے پیمانے پر لڑائی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں امریکہ کی اتحادی فوج اور شیعہ رہنما مقتدی الصدر کے حامیوں کے درمیان کئی شہروں میں گزشتہ دو دنوں سے شدید لڑائی جاری ہے۔ امریکی فوج نے نجف شہر میں جمعرات کو ہونے والی جھڑپوں میں مقتدی الصدر کے تین سو مزاحمت کارروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔مقتدی الصدر کی ملیشیا، مہدی آرمی نے امریکی فوج کے اس دعوے تردید کی ہے۔ مقتدی الصدر کے ترجمان شیخ رائد القاتمی نے کہا ہے کہ ان کے چھتیس حامی ہلاک ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے امریکی فوجی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ اس لڑائی میں تین امریکی فوج ہلاک اور بارہ زخمی ہوئے ہیں۔ جمعرات کو نجف شہر میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو بھی تباہ کر دیا گیا تھا۔ امریکی فوج اور مقتدی الصدر کے حامیوں میں اس سال جون میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا جو گزشتہ روز مقتدی الصدر کے چار حامیوں کی گرفتاری کے بعد ختم ہو گیا اور نجف اور الصدر شہر کے علاوہ شیعہ اکثریت کے کئی اور علاقوں میں دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ نجفِ اشرف میں جو کہ شیعہ فرقے سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کے لیے مقدس حیثیت کا حامل ہے اس سال جون کے بعد سے اتنی شدید لڑائی نہیں ہوئی۔ اے ایف پی کے ایک نمائندے نے کہا ہے کہ اس نے درجنوں امریکی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو نجف شہر میں داخل ہوتے دیکھا۔ نجف میں مقتدی الصدر کے حامیوں پر امریکی ہیلی کاپٹروں نے راکٹ برسائے جس کے نتیجے میں شہر میں واقع پرانے قبرستان سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ مقتدی الصدر کے معاونین نے امریکی فوج پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے حضرت علی کے مقبرے کے ایک مینار کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے عراقی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ’قابض امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں‘ کے خلاف اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیےہتھیار اٹھا لیں۔ انہوں نے عراق کی عبوری حکومت سے بھی کہا ہے کہ وہ امریکیوں کو نجف پر حملے کرنے سے بعض رکھیں۔ عراق کے شہر کوفہ میں مقتدی الصدر کا ایک پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں امریکی فوج کو دشمن قرار دیا گیا۔ مقتدی الصدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عراق کے عبوری صدر امریکیوں کو دوست کہتے ہیں جب کہ ہم ان کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقے الصدر شہر میں جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے لڑائی میں چونتیس عراقیوں اور سولہ امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ سمارہ میں بھی عراقی مزاحمت کارروں اور امریکی فوجیوں میں لڑائی ہوئی ہے۔ ناصریہ اور بصرہ میں بھی عراقی مزاحمت کارروں اور اتحادی فوجیوں میں لڑائی ہوئی ہے۔ عراق کے مقدس شہر نجف میں جمعہ کی صبح لڑائی ہوئی ہے اور امریکی فوجی طیاروں نے قبرستان میں پناہ لینے والے شیعہ ملیشیا کے کارکنوں پر بمباری کی۔ اطلاعات کے مطابق نجف شہر پر دھویں کے کالے بادلوں کو آسمان میں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا اور شہر میں بجلی اور ٹیلیفون کی لائنیں منقطع ہو گئیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||