عراق: پولیس افسر، دوامریکی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں ہونیوالے بم دھماکوں میں دو امریکی فوجی اور عراقی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ مامون پولیس سٹیشن کے سربراہ کرنل محمود بشر دفتر جارہے تھے جب ان کی کار پر بم حملہ کیا گیا۔ وہ ہلاک ہوگئے اور ان کے دو باڈی گارڈ زخمی ہوئے۔ دو امریکی فوجی پیر کی شب ہلاک ہوئے جب وہ علاقے میں گشت کررہے تھے اور ان پر حملہ کردیا گیا۔ ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے۔ منگل کے روز باقوبہ شہر کے باہر ایک کار بم دھماکہ کیا گیا۔ اس کے نشانے پر عراقی نیشنل گارڈ تھے۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوگئے اور ہوسکتا ہےکہ کچھ ہلاک ہوئے ہوں۔ حالیہ دنوں کی سب سے بڑی پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ اٹھائیس جولائی کو لگ بھگ ستر افراد اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب باقوبہ میں ایک پولیس سٹیشن کے پاس دھماکہ ہوا تھا۔ عراقی مزاحمت کاروں نے عراقی پولیس پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے کیونکہ وہ انہیں امریکی فوج کا حامی سمجھتے ہیں۔ کرنل بشر پر حملے کے ایک عینی شاہد نے بتایا:’میں نے جب دھماکہ سنا تو اپنے گھر سے باہر آیا، پولیس کار میں تین لوگ خون سے لتھ پتھ پڑے تھے۔‘ کرنل بشر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب بغداد میں پیر کی شب ان پر ایک بم حملہ کیا گیا۔ اتوار کے روز عراق کے شہر موصل میں بھی عراقی پولیس سٹیشن پر بم سے حملہ کیا گیا تھا جس میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور لگ بھگ پچاس زخمی ہوگئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||