عراق: گرجوں پر حملے، دس ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں شدت پسندوں نے دارالحکومت بغداد میں تین اور شمالی شہر موصل میں ایک گرجا گھر پر بم حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی اتوار کو عراق میں مختلف مقامات پر کئی دھماکے ہوئے ہیں جن میں کئی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ اطلاعات کے مطابق بغداد میں گرجا گھروں پر ہونیوالے بم دھماکوں میں کم از کم دس افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پہلے دو دھماکے بغداد کے مصروف ترین علاقے کرادا میں ہوئے جس کے بعد آسمان پر دھوئیں کے کالے بادل چھا گئے۔ پہلا دھماکہ بغداد کے وسط میں ایک آرمینیائی گرجا کے باہر ہوا۔ کچھ دیر بعد بغداد میں ہی ایک شامی کیتھولک چرچ پر حملہ ہوا۔ موصل: گرجا گھر پر حملہ مبصرین کا کہنا ہے کہ تازہ ترین دھماکوں سے ایسا لگتا ہے کہ مزاحمت کاروں نے عراق میں مزاحمت کی نئی حکمت عملی اپنا لی ہے۔ اس طرح عراق میں اتوار کے مختلف دھماکوں میں کل ہلاکتوں کی تعداد تیس کے قریب ہوگئی ہے۔ دھماکوں کے بعد گرجا گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ہر طرف بکھر گئے اور کم از کم تین تباہ شدہ کاروں کا ملبہ بھی پڑا تھا۔ بغداد میں پہلے دھماکے کے دس منٹ کے بعد جب ایمبولینس گاڑیاں زخمیوں کو امداد دینے کے لیے آرہی تھیں تو ایک شاہی کیتھولک گرجا کے باہر دوسرا دھماکہ ہوا۔یہ چرچ پہلے گرجا گھر سے چار سو میٹر دور واقع ہے۔ اسی وقت ایک اور دھماکہ موصل میں ایک گرجا گھر کے قریب ہوا۔ موصل: پولیس سٹیشن پر حملہ اس سے پہلے اتوار کی صبح موصل میں ایک اور حملہ بھی ہوا جس میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پچاس سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ خودکش کار بم دھماکہ ایک پولیس سٹیشن کے باہر ہوا اور اس میں ہلاک ہونے والے افراد پولیس اہلکار تھے جبکہ زخمیوں میں عام شہری اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔ یہ واقعہ ثمر نامی علاقے میں پیش آیا اور دھماکے کے نتیجے میں پولیس سٹیشن کی عمارت کا کچھ حصہ، قریبی گھر، پولیس اور عام شہریوں کی درجنوں گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ فلوجہ: مسلح جھڑپ اس کے علاوہ عراق کے مغربی شہر فلوجہ میں امریکی فوج اور مزاحمت کاروں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں اور امریکی بمباری کے نتیجے میں کم از کم دس عراقی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد مقامی لوگ ہسپتال کی طرف دوڑے تاکہ اپنے عزیز و اقارب کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔ امریکی فوج اس سے پہلے بھی فلوجہ کے بعض علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنا چکی ہے کیونکہ اس کے بقول مزاحمتی عناصر ان مقامات کو باغیانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ بغداد: سڑک کے کنارے بم دھماکہ ادھر عراقی دارالحکومت بغداد کے مرکزی علاقے میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بی بی سی کا ایک ڈرائیور بھی شامل ہے اور وہ سر میں شیشہ لگنے سے زخمی ہوا ہے لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||