 |  امریکی پریشانیوں کے ذمہ دار بش ہیں: کیری |
امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جان کیری نے جنگ عراق کے حوالے سے صدر بش پر سخت نکتہ چینی کی اور ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکی عوام کو اس معاملے پر گمراہ کررہے ہیں۔ یوں لگتا ہے کہ جان کیری نے جنگ عراق پر صدر بش کے خلاف ایک بھرپور حکمت عملی بنالی ہے۔ کئی انٹرویوز اور انتخابی جلسوں سے خطاب میں جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت جس مشکل صورتحال سے دوچار ہے اس کے ذمہ دار صدر بش ہیں جنہوں نے خود ہی اپنے اس وعدے کو توڑا کہ عراق میں جنگ اور اس کے بعد قیام امن کے لیے ایک بڑا اتحاد بنایا جائے گا۔ سینیٹر جان کیری نے یہ بھی کہا صدر بش نے صدام حسین کے وسیع تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور ان کے القاعدہ سے مبینہ تعلق پر بھی امریکیوں کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسیوں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک نئی امریکی قیادت کی ضرورت ہے جو عراق پر امریکی پالیسیوں کو تبدیل کرنے کا بھی حوصلہ رکھتی ہو۔ |