کار بم دھماکہ، دس ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں ہونے والے ایک مبینہ کار بم دھماکے میں کم از کم دس عراقی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ تاجی میں مقامی وقت کے مطابق سات بج کر چالیس منٹ پر ہونے والے اس دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں دو امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔ دھماکہ بغداد سے تیس کلومیٹر دور تعینات سول ڈیفنس کور کے اڈے کے باہر ہوا اور ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر شہری دفاع کے عملے کے لوگ تھے۔ عراقی مزاحمت کار ملک میں امریکی قیادت والی انتظامیہ میں شامل عراقی پولیس اور سکیورٹی کے افسران کو عموماً حملوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ حالیہ حملہ عراق میں اقتدار کی منتقلی کے مرحلے سے چند ہفتے پہلے کیا گیا ہے۔ ایک الگ واقعہ میں بغداد کے جنوب میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا جس میں کئی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بندوق بردار پولیس اسٹیشن میں داخل ہو گئے اور اہلکاروں کو ایک سیل میں بند کر کے عمارت کو بم سے اڑا دیا۔ سنیچر کو ہونے والے پرتشدد واقعات کے دوران بغداد میں سڑک کے کنارے ہونے والے بم دھماکے میں دو امریکی فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ صدر سٹی نامی مشرقی ضلع میں اس جگہ کے قریب پیش آیا تھا جہاں جمعہ کو کیے گئے ایک حملے میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||