کشمیر میں چھ افراد ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام ہونے والے مختلف واقعات میں حکمراں جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ایک کارکن سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک اور واقعہ میں شدت پسندوں نے سرینگر سے نوے کلومیٹر دور دو خواتین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں نے پی ڈی پی کے کارکن اور ایک اور شخص کو جمعہ کے روز وسطی ضلع بڈگام میں ان کے گھر سے اغوا کر لیا تھا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ان افراد کی لاشیں سنیچر کو ایک کھیت سے ملیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ شدت پسندوں کے ایک گروہ نے سرینگر سے چالیس کلومیٹر دور کنگن کے علاقے میں ایک گشت کرنے والی سکیورٹی فورس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورس نے سرینگر کے نواح میں واقع نوشہرہ کے علاقے میں ایک شدت پسند کو ہلاک کر دیا جس کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کا نام اقبال بتایا گیا ہے۔ تاہم مقامی لوگوں نے احتجاجی مارچ کیا اور الزام لگایا کہ اقبال کو حراست میں ہلاک کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||