’موصل میں چار حملہ آور ہلاک‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں موجود امریکی فوجی حکام نے بتایا ہے کہ فوج نے ملک کے شمالی شہر موصل میں ہونے والی ایک جھڑپ میں چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب گشت کرنے والی امریکی ٹیم ایک گاڑی کی طرف بڑھی تو اس میں سوار افراد نے امریکی فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی پر سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی بظاہر اس گاڑی سے مشابہ تھی جو تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح امریکی فوجیوں پر حملے میںاستعمال کی گئی تھی جس میں امریکی ملٹری پولیس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک ٹیم جون کے اختتام پر عراق کی خود مختاری کے معاملے پر امریکہ کی طرف سے نامزد کردہ عبوری گورننگ کونسل کے ارکان سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ عبوری کونسل کے ترجمان کے مطابق گورننگ کونسل کے سات یا آٹھ رکن اقوام متحدہ کی ٹیم سے ملاقات میں مصروف ہیں۔ توقع ہے اقوام متحدہ کے ماہرین کی یہ ٹیم انتخابات منعقد کرانے، مردم شماری اور عبوری حکومت تشکیل دینے کے طریق کار کے بارے میں مشورے دیں گے۔ اس ہفتے کے آخر میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی لخدر براہیمی کے زیرِقیادت ایک سیاسی وفد بھی ماہرین کی اس ٹیم سے آ ملےگا۔ عراق میں امریکی قیادت والی انتظامیہ نے ملک کی وزارت صحت اتوار کو عراق کی عبوری قیادت کے حوالے کی ہے۔ عراق کی عبوری قیادت کی دی جانے والی یہ پہلی ملکی وزارت ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||