 |  آیت اللہ علی سیستانی |
عراق کے شیعہ رہنما آیت اللہ علی سیستانی نے کہا ہے کہ ملک میں اس سال کے آخر تک انتخابات کروائے جانے چاہئیں۔ آیت اللہ علی سیستانی کا کہنا تھا کہ وہ اقوام متحدہ سے یقین دہانیاں چاہتے ہیں کہ اب اس سلسلے میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ آیت اللہ علی سیستانی اس سال جون میں عراق میں اقتدار کی منتقلی سے پہلے الیکشن کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن فروری میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس سال کے آحر سے پہلے ملک میں الیکشن کروانا ممکن نہیں ہوگا۔ ایک تحریری بیان میں آیت اللہ علی سیستانی نے کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کے بعد نامزد کردہ غیر منتخب حکومت کے پاس محدود اختیاریت ہونے چاہئیں اور اسے صرف الیکشن کی تیاری کا کام کرنا چاہئے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے ایک تحقیقاتی کمیشن کے عراق کے دورے کے بعد سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے کہا تھا کہ عراق میں الیکشن اس سال کے اندر اندر کروائے جا سکتے ہیں لیکن اس کی راہ میں کئی دشواریاں ہیں۔ |