عراق:ایک سال تک انتخابات مُشکل؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں امریکی منتظم پال بریمر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملک میں اگلے بارہ سے پندرہ ماہ تک انتخابات کرانا ممکن نہیں۔ عربی ٹی وی چینل العربیہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے ترجمے کے مطابق پال بریمر نے کہا ہے کہ عراق میں انتخابات کے انعقاد میں بہت سے رکاوٹیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں انتخابی قوانین نہیں ہیں، حلقہ بندیاں ہونے والی ہیں اور ووٹروں کی فہرستیں بھی تیار ہونا باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں کافی عرصے سے کوئی قابل اعتبار مردم شماری بھی نہیں ہوئی۔ پال بریمیر سے منسوب یہ بیان عراق میں انتخابات کے انعقاد کے امکان کا جائزہ لینے والی اقوام متحدہ کی ٹیم کے دورے کے بعد ان کی طرف سے اس موضوع پر پہلا تبصرہ ہے۔ جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے کہا تھا کہ جون میں عراقیوں کو اقتدار کی منتقلی سے پہلے انتخابات کرنا ناممکن ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||