| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹیلیجنس کا بہتر نظام درکار ہے: بریمر
عراق کے امریکی حاکم پال بریمر نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں خفیہ اطلاعات کا نظام زیادہ کارگر اور مؤثر نہیں بنا لیا جاتا دہشت گرد حملے کرتے رہیں گے۔ برطانوی روزنامہ ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ عراق کی وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی ایک تجویز پر غور کر رہے ہیں جس میں انسداد دہشت گردی کے لئے ایک خصوصی فورس کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورس مقامی ملیشیا کے اہلکاروں پر مشتمل ہوگی۔ پال بریمر کا کہنا تھا کہ امریکی اور غیر ملکی افواج کے خلاف ہونے والے حملے اس وقت تک انہیں عراق سے جانے پر مجبور نہیں کر سکتے جب تک ملک میں نئی حکومت قائم نہیں ہو جاتی۔ یکم مئی کے بعد سے کئے جانے والے ان حملوں میں مرنے والے امریکی فوجیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جو اس سے قبل عراق پر امریکی حملے کے دوران کام آئے تھے۔ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے یکم مئی کو عراق کے خلاف جنگ ختم ہونے کا اعلان کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||