امریکی فائرنگ: سات عراقی ہلاک امریکی فوج کا کہنا ہے کہ عراق میں اس کے فوجیوں نے سات عراقیوں کو ہلاک کر دیا ہے جو مرکزی عراق میں ایک پائپ لائن سے مبینہ طور پر تیل چرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ امریکی فوجی ترجمان نے کہا کہ ایک مخبر سے اطلاع ملنے کے بعد فوجی اتوار کو سمارا کے جنوب میں واقع ایک علاقے میں گئے۔ ترجمان نے کہا کہ وہاں امریکی فوجیوں اور ایک مسلح گروپ کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ عراق میں کئی مرتبہ تیل کی پائپ لائنوں پر امریکہ مخالف افراد اور چوروں نے حملے کئے ہیں۔ دریں اثناء امریکیوں پر تازہ ترین حملے میں ایک امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوا جب ایک فوجی قافلے پر بغداد میں حملہ ہوا۔ اس بم دھماکے میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔ |