| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق: چھ بیروزگار عراقی ہلاک
عراق کے شہر امارہ میں بے روزگاری کے خلاف نکالے جانے والے ایک جلوس نے اس وقت پر تشدد صورت اختیار کر لی جب پولیس اور عراق میں متعین قابض افواج نے جلوس کے شرکاء پر فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک برطانوی فوجی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا اور کہا جاتا ہے کہ اس نے ایک بکتر بند گاڑی پر دستی بم پھینکنے کی کوشش کی تھی۔ امارہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اکثریتی شیعہ آبادی کا شہر ہے اور اس کا انتظام برطانوی افواج کے پاس ہے اور اب تک یہاں امن و امان کی صورتحال عراقی دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقوں کی نسبت پُر سکون رہی ہے۔ اس سے پہلے عراقی شہر کرکوک میں ایک امریکی فوجی نے دو عراقی پولیس افسروں کو بظاہر ایک خاندانی جھگڑے میں مداخلت کرتے ہوئے ہلاک کر دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ عراقی پولیس اہلکار غلطی سے ہلاک ہو گئے۔ ایک امریکی ترجمان کے مطابق امریکی فوجیوں نے ان عراقی پولیس والوں کو حملہ آور سمجھ لیا تھا۔ امریکی فوجی شہر میں دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے کی اطلاع ملنے کے بعد اس جگہ پہنچے جہاں انہوں نے غلطی سے عراقی پولیس والوں پر گولی چلا دی۔ قبل ازیں دسمبر میں بھی کرکوک میں تین عراقی پولیس اہلکار امریکی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں نے گشت پر آنے والے فوجیوں کو اپنی شناخت نہیں کرائی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||