| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مسجد اقصیٰ میں مصری وزیر پر حملہ
مصری وزیر خارجہ احمد ماہر اسرائیل اور فلسطین کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ان پر پر مسجد اقصیٰ کے دورے کے دوران مشتعل فلسطینیوں حملہ کیا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ان پر اسلامی شدت پسندوں نے اس وقت حملہ کیا جب وہ مسجد اقصیٰ میں اپنے مصری محافظوں کے ساتھ نماز ادا کرنے کے لئے آئے تھے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلسطینی عرب ممالک کی جانب سے اپنے لئے ناکافی حمایت پر برہم ہیں۔ یروشلم میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق اسلامی شدت پسندوں نے ان کو برا بھلا کہا، ان پر جوتے پھینکے اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد انہوں نے اپنے ذاتی محافظوں سے شکایت کی کہ ان کا دم گُھٹ رہا ہے جس پر انہیں وہاں سے نکال کر ایک اسرائیلی ہسپتال لے جایا گیا۔ یروشلم میں حداسہ ہسپتال کے ایک ترجمان نے احمد ماہر کے ہسپتال میں علاج کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔ ترجمان کے مطابق ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقلی کے دوران احمد ماہر ہوش میں تھے۔ مصر کے وزیر خارجہ کے اسرائیل کے دورے کا بنیادی مقصد اسرائیل اور فلسطین کے مابین مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے کی کوشش تھا۔ پیر کے روز انہوں نے اپنا زیادہ وقت اسرائیلی حکام کے ساتھ گزارا اور ان کا مسجد اقصیٰ کا دورہ واحد موقع تھا جب ان کا فلسطینیوں سے سامنا ہوا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||