ہاتھی نے پتھر مار کر لڑکی کو ہلاک کر دیا

’ایسا اس وقت ہو سکتا ہے جب ہاتھی اداس یا بیزار ہوں‘

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشن’ایسا اس وقت ہو سکتا ہے جب ہاتھی اداس یا بیزار ہوں‘

مراکش کے ایک چڑیا گھر میں ہاتھی کی جانب سے پھینکا جانے والا پتھر لگنے سے ایک سات سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی ہے۔

مراکش کے دارالحکومت رباط کے چڑیا گھر میں ہاتھی نے اپنے احاطے میں پڑا ایک پتھر اٹھا کر لڑکی کی جانب پھینکا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پتھر لگنے سے لڑکی زخمی ہو گئی اور بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

چڑیا گھر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پتھر چڑیا گھر کی سیر کو آنے والے افراد اور ہاتھی کے احاطے کو تقسیم کرنے والے جنگلے اور کھائی کو عبور کرتا ہوا لڑکی کو جا لگا۔

بیان کے مطابق لڑکی کو زخمی حالت میں ہسپتال میں منتقل کیا گیا اور وہاں چند گھنٹوں بعد ان کی موت واقع ہو گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چڑیا گھر میں بین الاقوامی حفاظتی معیار ہے اور یہ حادثہ غیر معمولی، انوکھا اور غیر متوقع نوعیت کا ہے۔

فرانسیسی زبان میں جاری کیے جانے بیان میں دنیا کے دیگر چڑیا گھروں میں پیش آنے والے اس نوعیت کے واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس میں رواں برس جون میں امریکی شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر میں ایک چار سالہ بچہ گوریلا کے لیے بنائے گئے احاطے میں گر گیا اور بچے کو گوریلا کے ہاتھوں سے آزاد کرانے کے لیے اس کوگولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ مارچ 2013 میں امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شیر نے پنجرے سے نکل کر ایک رضاکار خاتون کو ہلاک کر دیا تھا۔

ہاتھی کی فلاح کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم ایمبوسلی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر فیلس لی کے مطابق’ایسا اس وقت ہو سکتا ہے جب ہاتھی اداس یا بیزار ہوں، ایسا ممکن نہیں کہ ہاتھی نے لڑکی کو براہ راست نشانہ بنایا ہو لیکن اس کی مایوسی کا اظہار ہوتا ہے۔ آپ قید میں رکھے گئے جانوروں کے بعد پیشن گوئی نہیں کر سکتے کہ وہ کس وقت کیا کر دیں۔‘

حادثے کے بعد وہاں موجود افراد نے ویڈیو کلپ بنا کر یوٹیوب پر جاری کر دیا جس میں اپنے احاطے میں موجود ہاتھی اپنی سونڈ ہلا رہا تھا جبکہ احاطے کے باہر ایک بڑا پتھر پڑا ہوا تھا۔

اس سے چند میٹر دور لوگ حادثے کا شکار ہونے والی لڑکی کے گرد جمع تھے۔