بچے کو بچانے کے لیے گوریلا کو گولی مار دی
امریکی شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر کے حکام کے مطابق انھوں نے ایک چار سالہ بچے کو بچانے کے لیے گوریلا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
بچہ سنیچر کو ایک رکاوٹ پر چڑھتے ہوئے گوریلا کے احاطے میں خندق میں گر گیا تھا جہاں گوریلا نے اسے پکڑ لیا اور گھسیٹ کر لے گیا۔
حکام نے کہا کہ انھوں نے 180 کلوگرام کے گوریلا کو اس وقت گولی مار دی جب ’حالات قابو سے باہر ہو گئے اور بچے کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔‘
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بچہ گوریلا کے پکڑنے سے آنے والی چوٹوں سے جانبر ہو جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہ
گذشتہ ہفتے چلی کے چڑیا گھر میں دو شیروں کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب ایک شخص ان کے جنگلے میں بظاہر خودکشی کی نیت سے داخل ہو گیا تھا۔
سنیچر کو ہونے والے واقعے کے بعد سنسناٹی کے چڑیا گھر میں گوریلا والے حصے کو نمائش کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
بچہ تقریباً دس فٹ کے گڑھے میں گر گیا تھا اور ویڈیو میں بچے کو اس گڑھے سے کھینچ کر لے جائے جانے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد گوریلا ٹھہرتا ہے اور بچے کی جانب دیکھتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEdwin Giesbers NPL
لیکن یہ کہا گیا ہے کہ 17 سالہ گوریلے ’ہرامبی‘ نے بچے کو تقریباً دس منٹ تک کھینچا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بچے کو ایک مقامی ہسپتال میں لے جایا گیا ہے۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نے کہا: ’حکام کو ایک مشکل فیصلہ کرنا پڑا لیکن انھوں نے درست فیصلہ کیا اور بچے کی جان بچائی۔ نہیں تو بہت برا ہو سکتا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ بے ہوشی کے انجکشن سے کام نہیں چلتا کیونکہ اس کا اثر جلدی نہیں ہوتا۔
انھوں نے کہا کہ بچے پر حملہ نہیں کیا گیا تھا لیکن ’وہ یقینی طور پر خطرے میں تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ اس احاطے میں دو مادہ گوریلائیں بھی تھیں لیکن وہ بچے کے پاس نہیں آئیں۔
نر گوریلا ہرامبی ٹیکسس میں پیدا ہوا تھا اور اسے سنہ 2014 میں سنسناٹی منتقل کیا گیا تھا جہاں اسے افزائش نسل کے پروگرام کے تحت لایا گیا تھا۔







