افریقی نوجوان کا دہلی میں قتل

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے جنوبی علاقے میں چند نامعلوم افراد نے ایک افریقی نژاد شخص کو مار مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق مارے جانے والے شخص کا تعلق کانگو سے تھا اور اس کی عمر تقریباً 23 سال بتائی جا رہی ہے۔
جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر ایشور سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ واقعہ جمعے کی رات کا ہے۔ افریقی شخص کو مقامی لوگوں نے قتل کر دیا ہے۔‘
انھوں نے مزید بتایا، ’ہم نے کانگو کے سفارت خانے کو اس واقعے کی اطلاعات دے دی ہے۔‘
انھوں نے بتایا، ’قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس معاملے میں مزید جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔‘
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
یہ دریافت کیے جانے پر کہ کیا آیا یہ نسلی تشدد کا معاملہ ہے تو انھوں نے کہا کہ ’ابھی اس بارے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق 23 سالہ ایم ٹی اوليويا کی رات تقریباً پونے بارہ بجے کچھ لوگوں سے بحث ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بحث کے بعد مقامی لوگوں نے اوليويا پر حملہ کر دیا۔ اوليويا نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
کچھ مقامی لوگوں نے اوليويا کو حملہ آوروں سے چھڑایا اور پولیس کو فون کیا۔
پولیس نے زخمی اولیویا کو ہسپتال میں داخل کرایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔







