’اونچی‘ ذات کی لڑکی سے شادی پر نوجوان قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ اب علاقے میں تین حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے
،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ اب علاقے میں تین حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے

بھارتی ریاست تمل ناڈو میں چاقوؤں اور چُھروں سے مسلح افراد نے برتر سمجھی جانےوالی ذات کی لڑکی سے شادی کرنے والے شخص کو سرعام قتل کر دیا ہے۔

یہ واقعہ ضلع تیروپور کے قصبے ادوملائیپتائی میں اتوار کی دوپہر پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے ایک مصروف چوراہے پر موجود 22 سالہ انجینیئر سنکار اور ان کی اہلیہ 19 سالہ کوشلیا پر حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق اس حملے میں سنکار شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو اس جوڑے کو سڑک پر گھسیٹتے اور ان پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس موقع پر لوگوں کا ہجوم کھڑا تماشا دیکھ رہا ہوتا ہے۔

حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ اب علاقے میں تین حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق دلت برادری سے بتایا گیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ کا تعلق تھیور برادری سے ہے جو کہ جنوبی تمل ناڈو میں اکثریت میں ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سنکار اور کوشلیا زمانۂ طالبعلمی سے دوست تھے اور انھوں نے کوشلیا کے خاندان کی مخالفت کے باوجود چند ماہ قبل شادی کی تھی۔