’اگر مودی کہیں تو دادری کےقاتلوں کے نام بتا سکتا ہوں‘

ملائم سنگھ اس سلسلے میں کھل کر کوئی بات نہیں کہتے ہیں اسی لیے بعض سیاسی مبصرین اسے سماجوادی پارٹی اور بی جے پی میں قربت کے طور پر دیکھ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنملائم سنگھ اس سلسلے میں کھل کر کوئی بات نہیں کہتے ہیں اسی لیے بعض سیاسی مبصرین اسے سماجوادی پارٹی اور بی جے پی میں قربت کے طور پر دیکھ رہے ہیں

بھارتی ریاست اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے الزام عائد کیا ہے کہ دلی سے متصل دادری میں ہونےوالے قتل میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین لیڈر شامل تھے اور اگر وزیر اعظم نریندر مودی کہیں تو وہ ان کے نام بتا سکتے ہیں۔

دادری میں ہندوؤں کے ایک ہجوم نے گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں 50 سالہ محمد اخلاق کو مار مار کر ہلاک کردیا تھا۔ تاہم ملائم سنگھ یادو نے ان کا نام نہیں لیا۔

وہ ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں اپنی پارٹی کے نوجوان کارکنان سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔

گذشتہ برس 28 ستمبر کو دلی سے متصل نوئیڈا کے ایک گاؤں دادری میں ایک مشتعل ہجوم نے محمد اخلاق کو قتل کر دیا تھا۔

ملائم سنگھ کے الزامات کے جواب میں بی جے پی کے ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ بھارتی قانون میں مجرم کا نام خفیہ رکھنا بھی جرم کے دائرے میں آتا ہے۔

وجے بہادر نے کہا ’اگر انہیں نام معلوم ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ہے۔‘

بی جے پی کے ترجمان نے کہا ’ملائم سنگھ جیسے تین بی جے پی کے لیڈروں کی بات کہہ رہے ہیں، ویسے ہی ان کو پتہ ہے کہ ریاستی حکومت کے کئی وزیر غلط طریقے سے پیسہ کمانے میں مصروف ہیں، لیکن نہ وہ ان کا نام لیتے ہیں اور نہ ان کو برخاست کرتے ہیں۔‘

سمتمبر کے اواخر میں دارالحکومت دلی کے پاس دادری کے ایک گاؤں بسہاڑا میں رات کے وقت ہندوں کے مشتعل ہجوم نے محمد اخلاق اور ان کے بیٹے پر حملہ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسمتمبر کے اواخر میں دارالحکومت دلی کے پاس دادری کے ایک گاؤں بسہاڑا میں رات کے وقت ہندوں کے مشتعل ہجوم نے محمد اخلاق اور ان کے بیٹے پر حملہ کیا تھا

واضح رہے کہ ریاست اترپردیش میں خود ان کی جماعت کی حکومت ہے اور خود ان کے بیٹے اکھیلیش یادو ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ دادری جیسے وقعات کے لیے ریاستی اور مرکزي دونوں حکومتوں پر سخت نکتہ چینی ہوتی رہی ہے۔

کانگریس کے ایک رہنما ستيہ دیو ترپاٹھی نے کہا ہے کہ ملائم سنگھ کا بی جے پی کے تین رہنماؤں کا نام نہ بتانا عوام کے ساتھ فریب کاری ہے۔

اس سے پہلےگزشتہ سال بھی ملائم سنگھ نے ایک بیان میں محمد اخلاق کے قتل کو ایک تنظیم کے تین لوگوں کی طرف سے تیار کی گئی سازش بتایا تھا۔

لیکن انھوں نے اس سلسلے میں کھل کوئی بات نہیں کہی اس لیے بعض سیاسی مبصرین اسے سماجوادی پارٹی اور بی جے پی میں قربت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔