تمل ناڈو، کیرالہ اور پوڈوچیری میں ووٹنگ جاری

انڈیا کی دو ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالہ کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقے پوڈوچیری (پانڈی چیری) میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
تمل ناڈو میں 232 اسمبلی سیٹوں، کیرالہ کے 140 اسمبلی سیٹوں اور پوڈوچیري کے 30 اسمبلی حلقوں کے لیے پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور پولنگ شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔
اس سے قبل شمال مشرقی ریاست آسام اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کئی مرحلوں میں پورے ہوئے ہیں۔
چاروں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 19 مئی کو ہوگی اور نتائج بھی اسی دن آ جائیں گے۔

کیرالہ میں دو کروڑ 61 لاکھ اہل ووٹرز 140 نشستوں کا فیصلہ کریں گے۔ ریاست میں مجموعی طور پر 1203 امیدوار میدان میں ہیں اور پولنگ کے لیے ریاست کے 14 اضلاع میں 21،498 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
کیرالہ کے کوچی میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار دویہ آریہ کے مطابق پولنگ کے ساتھ ہی وہاں بارش شروع ہو گئی ہے اور لوگ چھتری لگا کر ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں۔
ہر چند کے کئی سروے میں یہ عندیہ دیا جا رہا ہے کہ بائیں بازو کے اتحاد ایل ڈی ایف کو سبقت حاصل ہے تاہم کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ نئی تاریخ رقم کرے گي۔

جبکہ مرکز میں برسر اقتدار پارٹی بی جے پی نے ریاست میں قائم ہونے والی ایک نئی پارٹی بھارت دھرم سینا کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب تمل ناڈو میں حمکراں جماعت اے آئی اے ڈیم ایم کے اور ڈی ایم کے کے درمیان سخت مقابلہ کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلی جے للتا نے ووٹروں سے بڑی تعداد میں نکل کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تمل ناڈو میں پانچ کروڑ 82 لاکھ اہل ووٹرز 3776 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
تمل ناڈو میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے رقم تقسیم کیے جانے کی خبروں کے بعد الیکشن کمیشن نے تنجاور اور اروواكروچی اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹنگ کو موخر کر دیا ہے اور اب ان اسمبلی حلقوں میں 23 مئی پولنگ کو ہوگی۔
اس کے علاوہ اتر پردیش میں مرادآباد ضلعے میں بیلاري اور غازی پور ضلع میں جنگي پور اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔







