کشمیر: بھارتی فوجی قافلے پر عسکریت پسندوں کا حملہ

بھارت اور پاکستان کشمیر پر دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبھارت اور پاکستان کشمیر پر دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں

بھارت کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرینگر کے قریب فوج کے قافلے پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے ایک سرکاری عمارت میں لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

بھارتی فوج کے مطابق قافلے پر ہونے والے حملے میں ایک فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ذرائع ابلاغ کی جانب سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔

این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک سرکاری عمارت میں پھنسے ہوئے سرکاری ملازمین کو نکال لیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان دونوں کا دعویٰ ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 60 سالوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔

بھارت اور پاکستان کشمیر پر دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔