چین میں لینڈ سلائیڈ،’غفلت کے مرتکب‘ 11 افراد گرفتار

،تصویر کا ذریعہ
چین میں حکام نے جنوبی شہر شینزین کے صنعتی علاقے میں لینڈ سلائیڈ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
شینزن کے پراسکیوٹر نے بتایا کہ پکڑے جانے والے افراد میں زمین کی بھرائی کے کام کے نگران اور ملبہ اُٹھانے والی کمپنی کے سربراہ اور اُن کے نائب سمیت سات دیگر لوگ شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اِن ملزمان کی غفلت بڑے حادثے کا سبب بنی اور اسی الزام کے تحت انھیں حراست میں لیا گیا ہے۔
یہ حادثہ 20 دسمبر کو اُس وقت پیش آیا جب شدید بارشوں کے نتیجے میں ایک پہاڑی کے ساتھ زیر تعمیر عمارتوں کے تعمیراتی سامان کے ملبے پر مشتمل تودہ رہائشی علاقے پر آ گرا تھا اور اس حادثے میں 74 افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے ہیں۔
یہ باضابطہ گرفتاریاں اِس بات کے تین روز بعد عمل میں آئی ہیں، جب چین کے ذرائع ابلاغ میں اِس بات کا ذکر کیا جا رہا تھا کہ پولیس حادثے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ’زبردست اقدامات‘ کر رہی ہے۔
خیال کیا جارہا ہے کہ گرفتار ہونے والے 11 افراد اِن میں سے ہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 20 دسمبر کا سانحہ انسانی غفلت کا نتیجہ ہے، اور اِس بات کا غالب امکان ہے کہ جو افراد اِس میں ملوث ہیں اُن کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حادثے کے ایک ہفتے بعد حادثے کی جگہ پر کام کرنے والے ایک اہلکار نے بظاہر چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔
تاہم یہ بات واضح نہیں ہے کہ اُن سے حادثے میں ملوث ہونے کے بارے میں تفتیش کی جارہی تھی یا نہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ دیگر مشتبہ افراد کو تلاش کرنے میں پولیس کی مدد کریں، جو بظاہر فرار ہیں۔







