چین میں لینڈ سلائیڈنگ: 33 عمارتیں متاثر، درجنوں لاپتہ
چین میں امدادی اداروں کے اہلکار لینڈ سلائیڈنگ سے منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے موجود 91 افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز چین کے جنوبی شہر شینزین کے صنعتی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے 33 عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس کے نتیجے میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے 900 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ 59 مرد اور 32 خواتین اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور تین الگ الگ مقامات پر ملبے کے اندر جانے کے لیے راستہ بنایا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
شینزین شہر جنوبی صوبے گوانگ ڈانگ میں واقع ہے اور اس کی سرحدیں ہانگ کانگ سے ملتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 38 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے جہاں 10 میٹر بلند مٹی کا ڈھیر بن چکا ہے۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قریبی پیٹرول سٹیشن پر دھماکہ ہوا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ لینڈسلائیڈنگ تب ہوئی جب مٹی کا ایک بہت بڑا تودہ اور زیرِ تعمیر عمارتوں گندگی بہت زیادہ ہوئی اور یہ جگہ اچانک منہدم ہوگئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
پیپلز ڈیلی کے مطابق مٹی کا تودہ پتھروں کے گھڑھے میں بنا جہاں اب گندگی کو اکھٹا کیا جاتا تھا۔
متاثرہ علاقے شینزین کے گرد میلوں تک صنعتی پارکس موجود ہیں۔ گذشتہ تین دہائیوں کے دوران یہاں چین کے مختلف علاقوں سے لوگ روزگار کے لیے آکر آباد ہوئے۔
چین میں بڑھتی ہوئی صنعتوں کی وجہ سے وہاں تواتر سے ہونے والے حادثات بڑھے ہیں اور وہاں حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔







