قطیف میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

صہیت کے قریب ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی
،تصویر کا کیپشنصہیت کے قریب ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے قطیف میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

سعودی وزیر داخلہ کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ رات ایک بجے پیش آیا جب دوران گشت سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تاحال شیعہ اکثریتی شہر صہیت کے قریب ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

سعودی عرب میں گزشتہ کچھ ماہ میں کئی دہشت گرد حملے ہوئے ہیں جن میں اکثر کی ذمہ داری نام نہاد دولت اسلامیہ نے قبول کی ہے۔

تیل سے مالا مال صوبے قطیف میں شیعہ بڑی تعداد میں آباد ہیں اور یہاں ماضی میں سعودی عرب کی سنی بادشاہت کے خلاف کئی احتجاجی تحریکیں دیکھی گئی ہیں۔

اکتوبر میں صہیت میں ہی دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے ایک مسلح حملہ آور نے ایک شیعہ عبادت گاہ میں فائرنگ کر کے پانچ افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔

اس سے قبل جولائی کے مہینے میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک سعودی سپاہی ہلاک ہوا تھا۔