سعودی عرب میں مجلس کے شرکا پر فائرنگ، پانچ ہلاک

سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی علاقے میں ایک مجلس کے شرکا پر فائرنگ سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
العریبیہ ٹی وی کے مطابق فائرنگ کرنے والا ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اطلاعات کے مطابق دو دیگر حملہ آوروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی عرب کے ایک نیوز چینل کے مطابق یہ واقعہ جمعے کو ملک کے مشرقی علاقے میں پیش آیا۔
چینل کے مطابق فائرنگ میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔
ایک عینی شاید نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ’ایک مسلح شخص نے مجلس کے شرکا پر فائرنگ کی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سعودی عرب کے مشرق میں جمعے ہی کو شیعہ مسلمانوں کے خلاف دیگر مقامات سے بھی حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے رواں برس مئی میں سعودی عرب کے شہر دمام میں شعیہ مسلمانوں کی ایک مسجد کو نشانہ بنایا تھا۔
اس واقعہ سے ایک ہفتہ قبل سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر ایک خودکش حملے میں 20 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سعودی عرب کا مشرقی صوبہ قطیف تیل کی دولت سے مالا مال ہے اور اس کی زیادہ تر آبادی شیعہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے۔







