’بابا رام دیو نوڈلز متعارف کروانےکی اجازت نہیں لی گئی‘

بھارت میں خوراک کے نگران ادارے کا کہنا ہے کہ ملک میں حالیہ دنوں متعارف کروائے جانے والے ’بابا رام دیو نوڈلز‘ کی فروخت سے پہلے قانون طور پر لازمی اجازت نہیں لی گئی۔

دوسری جانب ’بابا رام دیو نوڈلز‘ بنانے والی کمپنی پتانجلی نوڈلز کا اصرار ہے کہ ان کے نوڈلز پاستا کی زمرے میں آتے ہیں اور ان کے پاس اس کا لائسنس ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں پتانجلی آٹا نوڈلز نامی کمپنی نے پیر کو بابا رام دیو نوڈلز متعارف کروائے ہیں۔

بھارت میں سوشل میڈیا کے صارفین نے ان نوڈلز کا مذاق اڑایا ہے۔

دوسری جانب فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کے چیئر پرسن اشیش بہوگنا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ فوری نوڈلز معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

بھارتی اخبار ایکسپریس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پتانجلی آٹا نوڈلز نے اپنی تیارہ کردہ پروڈکٹ کی ہم سے منظوری نہیں لی ہے۔

بھارت میں ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ پتانجلی نوڈلز نے اپنے اشتہارات میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے نوڈلز محفوظ اور صحت بخش ہیں تاہم وہ بھی کچھ عرصے کے بعد میگی نوڈلز کی طرح بری حالت میں آ جائیں گے۔