جنوبی بھارت اور سری لنکا میں شدید بارشیں، 70 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو اور پڑوسی ملک سری لنکا میں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 70 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ہر چند کے مرنے والوں کی تعداد کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں تمل ناڈو میں مرنے والوں کی تعدداد 71 بتائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق تمل ناڈو حکومت نے جمعے کو جاری ایک سرکاری بیان میں 55 لوگوں کی موت کی تصدیق کی تھی۔
ادھر سری لنکا کے شمالی علاقوں میں بارش سے تقریباً 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہbbctamil
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست کی وزیر اعلی جے للتھا نے پانچ ارب روپے امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ این ڈی آر ایف کی 200 افراد پر مشتمل پانچ ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔
ریاست کے 600 علاقے ابھی بھی پوری طرح پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ہنگامی صورت حال ہے اور بھارتی فضائیہ نے بھی امدادی کاموں میں شرکت کی ہے۔ گذشتہ روز انھوں نے 22 افراد کو ہیلی کاپٹروں سے محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔
اس کے علاوہ حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والے تقریباً 10 ہزار افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہimran qureshi
ادھر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ریاست میں بارش اور سیلاب سے پیدا صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مرکز سے ریاست کی تمام ممکنہ مدد کی اپیل کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے دباؤ کی وجہ سے یہ بارش ہو رہی ہے جس سے پڑوسی ریاست آندھر پردیش اور کرناٹک کے علاوہ پڑوسی ملک سری لنکا بھی متاثر ہوا ہے۔
تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی میں پیر کو ریکارڈ بارش درج کی گئی جو کہ گذشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جس سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہimran qureshi
سینٹ تھامس ماؤنٹ اور ویلاچیري سمیت جنوبی چینئی کے کئی حصوں میں پانی بھر جانے سے ریلوے کے پل بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
پٹریوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے چینئی میں ٹرینوں کی آمد و رفت تقریبا تھم سی گئی ہے جبکہ ریاست میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
شمال مشرقی مون سون کے اثرات کی وجہ سے ریاست کے نو ساحلی اضلاع میں مسلسل بارش ہو رہی ہے جس سے ریاست میں ریل اور سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوئے ہیں۔








