’بھارتی پابندیاں زلزلے سے بھی بڑے انسانی بحران کی وجہ‘

،تصویر کا ذریعہbbc
نیپال کے نئے وزیرِ اعظم کھڑگا پرساد اولی نے بھارت سے اپیل کی ہے کہ وہ ایندھن، ادویات اور اشیائے خوردونوش کی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں اٹھا لے۔
اتوار کی شب ٹی وی پر نشر کیے گئے خطاب میں انھوں نے کہا کہ بھارت کے اس غیر اعلانیہ مقاطعے سے ملک میں حالیہ زلزلے سے پیدا ہونے والے بحران سے بھی بڑا انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے۔
بھارت نیپال کو ایندھن اور دیگر اشیا کی فراہمی بند کرنے کے الزام سے انکار کرتا ہے جبکہ نیپال کا کہنا ہے کہ بھارت یہ اشیا لانے والے ٹرکوں کو نیپال آنے کی اجازت نہیں دے رہا کیونکہ وہ نئے نیپالی آئین سے خوش نہیں۔
بھارت سے متصل نیپال کے ترائی کے علاقوں میں اس آئین کی مخالفت ہوئی ہے۔
اس علاقے میں بسنے والے بھارتی نژاد، جنھیں مدھیشی کہا جاتا ہے، اور تھارو لوگ نئے آئین میں اپنے حقوق کو نظر انداز کیے جانے کا الزام لگا رہے ہیں اور وہاں اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایک سرحدی چوکی سے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے فائرنگ کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری بھی ہلاک ہوا تھا۔
خیال رہے کہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان رواں برس اگست سے جاری جھڑپوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ دو ماہ کے دوران ہزاروں ٹرک بھارت سے نیپال نہیں جا پائے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حال ہی میں نیپال نے بھارت کی جانب سے تیل کی سپلائی پر عائد غیر اعلانیہ پابندی کے بعد تیل کی کمی پوری کرنے کے لیے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیپال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لےگا۔







