بھارت کی پابندیاں، تیل کی درآمد پر نیپال کا چین سے معاہدہ

یہ پہلا موقع ہو گا کہ نیپال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لے گا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ پہلا موقع ہو گا کہ نیپال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لے گا

نیپال نے بھارت کی جانب سے تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کرنے کے بعد تیل کی کمی پوری کرنے کے لیے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق نیپال آئل کارپوریشن کے افسر دیپک برل نے جمعرات کو کہا کہ بیجنگ میں چائنا نیشنل آئل کارپوریشن سے تیل کی درآمد کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تفصیلات کا ابھی طے ہونا باقی ہے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیپال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لےگا۔

بھارت نے نیپال کو تیل مہیا کرنے پر پابندی اس وقت لگائی تھی جب نیپال میں مدھیشی برادری نے نئے آئین میں مزید حقوق کے لیے مظاہرے کیے۔

مدھیشیوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا۔ اس علاقے کی مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رکھی ہے۔

بھارت کی سرحد سے متصل ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔

نیپال کے بعض رہنماؤں نے اس بات پر سخت نکتہ چینی کی ہے کہ بھارت نیپال کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے اور ترائی کے علاقے میں دانستہ طور پر مظاہروں کو ہوا دے رہا ہے۔