بھارت: ’ڈائن‘ ہونے کے شک میں خاتون کا سر قلم

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK
بھارت کی ریاست آسام میں حکام کے مطابق پیر کے روز ایک دیہات میں مقامی افراد نے جادو ٹونا کرنے کے شبہے میں ایک عمر رسیدہ خاتون کا سر قلم کر دیا۔
حکام کے مطابق كاربي قبیلے کے افراد نے الزام عائد کیا کہ اس 63 سالہ خاتون کی وجہ سے علاقے میں لوگ بیمار ہو رہے ہیں۔
وشوناتھ چارالي ضلع کے ایک گاؤں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق چند افراد اس خاتون کو گھر سے تشدد کرتے ہوئے دریا کے کنارے لے گئے اور وہاں تیز دھار آلے سے اس کا قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے کی تحقیقات کرنے والے پولیس اہلکار عبدالصمد حسین نے بی بی سی کو بتایا کہ’گاؤں میں کچھ لوگ بیمار ہو رہے تھے۔ اس کے بعد کچھ دیہاتیوں نے پوري اوراگ نام کی عورت کو ڈائن قرار دے دیا اور پیر کو اس کا قتل کر دیا۔‘
پولیس نے اس واقعے میں ملوث ہونے کے شک میں گاؤں کے رہائشی رام بعے اور دو خواتین سمیت سات افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
گرفتار کیے جانے والے افراد کا تعلق بھی كاربي قبیلے سے ہے اور اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے نیم فوجی فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رام بعے اور اس کی بیوی نے لوگوں کو قتل پر اکسایا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران جادو ٹونا کرنے کے شک میں 82 افراد کو قتل کیا گیا اور ان میں اکثریت خواتین کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریاست آسام میں حکومت نے ایسے واقعات کو روکنے ایک نئے قانون کا مسودہ تیار کیا تاہم ابھی اسے اسمبلی سے منظور نہیں کرایا جا سکا۔







