وی آئی پی کلچر اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے: کیجریوال

،تصویر کا ذریعہAFP
دہلی کے نو منتخب وزیراعلیٰ اروِند کیجریوال نے عہد کیا ہے کہ وہ دہلی سے ’وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔‘
بھارتی دارالحکومت دہلی کی اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تاریخی فتح کے بعد جماعت کے قائد اروند کیجریوال نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے یہ بات اپنے خطاب میں کہی۔
حلف برداری کی تقریب سنیچر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ہوئی جہاں اُن کے ہزاروں شائقین موجود تھے۔
اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کے انتخابات میں 70 میں سے 67 نشستوں پر فتح حاصل کر کے دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے اور بڑی سیاسی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کو شکستِ فاش سے دوچار کیا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لیے یہ انتخاب بڑے دھچکے کی صورت میں سامنے آیا جن کی جماعت جس نے گذشتہ سال انتخاب بھاری اکثریت سے جیتا اس بار ان کی جماعت کو صرف تین نشستیں ملیں۔
کانگریس جو دہلی میں سب سے بڑی سیاسی جماعت رہی ہے کا ان انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے۔
کیجریوال نے اپنے خطاب میں کہ ’مجھے علم ہے کہ دہلی والے مجھ سے محبت کرتے ہیں‘ اور پھر چٹکی لیتے ہوئے بولے ’مگر یہ نہیں معلوم کہ اتنی محبت کیوں کرتے ہیں۔‘
انہوں نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ وہ دہلی میں ’وی آئی پی کلچر‘ کا خاتمہ کر دیں گے جس کے نتیجے میں سیاستدانوں کو عام لوگوں پر ترجیح دی جاتی ہے جس کی مثال انہوں نے دی کہ انہیں اجازت دی جاتی ہے کہ وہ شہر کی بھیڑ اور ٹریفک میں سے بچ کر نکل جائیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے مزید کہا کہ ’ترقی یافتہ ممالک میں اراکینِ پارلیمان بھی بس کے اڈے پر انتظار کرتے ہیں تو ایسا یہاں کیوں نہیں ہو سکتا؟ ہم اس ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
انہوں نے عہد کیا کہ وہ اگلے پانچ سال میں ’دہلی کو بھارت کی پہلی بدعنوانی سے پاک ریاست بنائیں گے۔‘
اے ایف پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی رشوت مانگے تو انکار مت کریں بس موبائل جیب سے نکال کر ریکارڈ کر لیں۔ اس کے بعد یہ آکر مجھے دے جائیں ہم خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کریں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کے ساتھ بجلی اور پانی کے بلوں میں کمی لائیں گے۔
اروِند کیجریوال نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی مگر اُن کے ایک ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم نے اُن کی دعوت ٹھکرا دی۔
انھوں نےگذشتہ بار سنہ 2013 میں دہلی کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تھا جب پہلی بار ان کی پارٹی نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم وہ صرف 49 دن تک اس عہدے پر رہے اور بدعنوانی مخالف جن لوک پال بل کے معاملے پر اختلافات کے باعث آج سے ٹھیک ایک برس قبل مستعفی ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی کا قیام پیدائش بدعنوانی کے خلاف تین سال قبل ہونے والی ایک ملک گیر تحریک کے بعد عمل میں آیا تھا۔







