دہلی کے نئے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال کی حلف برداری

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی دارالحکومت دہلی کی اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی تاریخی فتح کے بعد جماعت کے قائد اروند کیجریوال نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب سنیچر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ہوئی اور دہلی کے نائب گورنر نجیب جنگ نے ہزاروں افراد کی موجودگی میں کیجریوال سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
کیجریوال کے علاوہ ان کی کابینہ کے ارکان منیش سسودیا، اسیم احمد خان، سندیپ کمار، ستیندر جین، گوپال رائے اور جتندر سنگھ تومر نے بھی اسی تقریب میں حلف اٹھایا۔
اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کے انتخابات میں 70 میں سے 67 نشستوں پر فتح حاصل کر کے دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
دہلی اسمبلی کے نتائج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے کڑا جھٹکا تھے کیونکہ ان کی پارٹی بی جے پی صرف تین نشستیں ہی جیت پائی۔
کیجریوال دوسری بار دہلی کے وزیر اعلی بنے ہیں۔
انھوں نےگذشتہ بار سنہ 2013 میں دہلی کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تھا جب پہلی بار ان کی پارٹی نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم وہ صرف 49 دن تک اس عہدے پر رہے اور بدعنوانی مخالف جن لوک پال بل کے معاملے پر اختلافات کے باعث آج سے ٹھیک ایک برس قبل مستعفی ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی کا قیام پیدائش بدعنوانی کے خلاف تین سال قبل ہونے والی ایک ملک گیر تحریک کے بعد عمل میں آیا تھا۔







