کیجریوال سنیچر کو رام لیلا میدان میں حلف لیں گے

،تصویر کا ذریعہAP
بھارتی دارالحکومت دہلی کے اسمبلی انتخابات میں بدعنوانی مخالف جماعت عام آدمی پارٹی کی حیرت انگیز تاریخی جیت کے بعد ان کے رہنما اروند کیجریوال سنیچر کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
اروند کیجریوال کی جماعت عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی اسمبلی کی 70 میں سے 67 نشستیں حاصل کی ہیں۔ کیجریوال نے بذات خود نئی دہلی کی اہم نشست پر بی جے پی کے خلاف 31583 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
منگل کو آنے والے نتائج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے کڑا جھٹکا تھے کیونکہ ان کی پارٹی بی جے پی صرف تین نشستیں ہی جیت پائی۔
واضح رہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں گذشتہ مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان کی مقبولیت میں بہت اضافہ ہوا اور اس کے بعد انھوں نے کئی ریاستوں میں انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی وہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی رہنماؤں کو متوجہ کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
مسٹر کیجریوال کی حلف برداری کی تقریب دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ہو گي۔ یہ پرانی دہلی کی فصیل سے باہر ایک وسیع میدان ہے جہاں جلسے اور مذہبی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انھوں نے گذشتہ بار سنہ 2013 میں اسی میدان میں دہلی کے وزیراعلیٰ کا حلف لیا تھا جب پہلی بار ان کی پارٹی نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم وہ صرف 49 دنوں تک عہدے پر رہے اور ایک بدعنوانی مخالف بل کے معاملے پر اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق کیجریوال نے نریندر مودی سے ملاقات کے لیے وقت کی درخواست کی ہے تاکہ وہ انھیں اپنی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کر سکیں۔
گذشتہ روز واضح رجحانات آنے کے بعد نریندر مودی نے کیجریوال کو فون کر کے مبارکباد دی تھی اور ’دہلی کی ترقی میں مکمل تعاون‘ کی یقین دہانی کروائی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سنیچر کو ’آپ‘ کے کسی رکن کو کسی وزارت کے لیے بھی حلف دلایا جائے گا۔
خیال رہے کہ آپ کی پیدائش بدعنوانی کے خلاف تین سال قبل ہونے والی ایک ملک گیر تحریک سے ہوئی تھی۔ لیکن مئی 2014 کے عام انتخابات میں آپ کو دہلی میں بی جے پی کے ہاتھوں مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔







