نوپور شرما کے متنازع بیان نے پورے ملک کو خطرے میں ڈال دیا، انڈین سپریم کورٹ

،تصویر کا ذریعہTWITTER @NUPURSHARMABJP
انڈیا کی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سابق ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازع بیان نے پورے ملک کو خطرے میں ڈال دیا۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ ’ایک منھ پھٹ نے پورے ملک میں آگ لگا دی، نوپور شرما کو پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔‘
واضح رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے انڈیا کے مقامی نیوز چینل ٹائمز ناؤ کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران گیانواپی مسجد کے تنازعے پر بات کرتے ہوئے کچھ ایسا کہا، جہاں سے یہ سارا معاملہ شروع ہوا تھا۔
اس بیان پر پہلے انڈیا میں اور پھر بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کے بعد نوپور شرما کی پارٹی رکنیت کو معطل کر دیا گیا تھا۔
انڈین سپریم کورٹ نے کیا کہا؟
نوپور شرما کے متنازع بیان پر انڈیا کی مسلم سماجی تنظیم رضا اکیڈمی نے 28 مئی 2022 کو ٹویٹ کر کے ان کی گرفتاری کے لیے مہم شروع کی تھی۔ رضا اکیڈمی نے ممبئی میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف انڈین قانون کے تحت مقدمہ بھی درج کروایا۔
نوپور شرما، جن کے خلاف انڈیا کے مختلف شہروں میں ایک درجن سے زیادہ مقدمات قائم ہوئے تھے، نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں ان کے خلاف درج تمام مقدمات کو دلی منتقل کیا جائے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق نوپور شرما کی درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سوال اٹھایا کہ ’ایک ٹی وی چینل کا ایجنڈا چلانے کے علاوہ ایک ایسے معاملے پر بحث کرنے کا کیا مقصد تھا جو پہلے ہی عدالت میں ہے اور نوپور شرما کو ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت تھی؟‘

،تصویر کا ذریعہHINDUSTAN TIMES
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ ’نوپور شرما کا بیان اودے پور میں پیش آنے والے بدقسمت واقعہ کا بھی ذمہ دار ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ کنہیا لال نامی درزی کو راجستھان کے شہر اودے پور میں منگل کو دو مسلمانوں نے اس وجہ سے قتل کیا تھا کہ انھوں نے نوپور شرما کی حمایت میں فیس بک پوسٹ کی تھی۔
سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انھیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا جس کے بعد نوپور شرما نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق نوپور شرما کے وکیل منیندر سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ وہ معافی بھی مانگ چکی ہیں اور اپنا بیان بھی واپس لے چکی ہیں۔
اس پر بنچ نے ریمارکس دیے کہ ’انھوں (نوپور شرما) نے بیان واپس لینے اور معافی مانگنے میں بہت دیر کی۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام, 1
متنازع بیان اور اسلامی دنیا کا ردعمل
نوپور شرما کے بیان پر او آئی سی، پاکستان، سعودی عرب، کویت، قطر اور ایران سمیت کئی ممالک نے با ضابطہ طور پر احتجاج کیا اور کئی ممالک میں انڈیا کے سفیروں کو طلب کیا گیا جو بین الاقوامی سطح پر انڈیا کے لیے ایک بڑا سفارتی چیلنج بن گیا۔ اس کے علاوہ عرب دنیا میں انڈیا کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلی۔
قطر کی وزارت خارجہ نے دوحہ میں انڈیا کے سفیر دیپک متل کو طلب کر کے انڈیا سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
قطر کی وزارت خارجہ کے مطابق ’اس طرح کے اسلام فوبیا پر مبنی ریمارکس کو بغیر سزا کے چھوڑ دینا، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اور یہ مزید تعصب اور پسماندگی کا باعث بن سکتا ہے، جو تشدد اور نفرت کے ایک نئے سلسلے کو جنم دے گا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سعودی عرب نے بھی اپنے بیان میں سخت الفاظ استعمال کیے جس میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی ’وزارت خارجہ انڈین بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان کے بیانات کی مذمت کرتی ہے، جس میں پیغمبر اسلام کی توہین کی گئی اور یہ کہ سعودی عرب تمام مذاہب اور مذہبی شخصیات اورشعائر اسلام کے خلاف اس طرح کے تعصب کی مستقل حوصلہ شکنی کی پالیسی کا اعادہ کرتا ہے۔ً
یاد رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر اسلام کے بارے میں کیے گئے متنازع تبصروں سے پیدا ہونے والے تنازعے پر ان کو معطل کر دیا گیا اور پارٹی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے کہا کہ ’ان کی پارٹی کسی بھی ایسے نظریہ کے بالکل خلاف ہے جو کسی بھی فرقہ یا مذہب کی توہین کرتا ہو۔‘
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام, 2
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ارون سنگھ نے کہا کہ |انڈیا کی ہزار سال کی تاریخ میں بہت سے مذاہب پروان چڑھے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ہر مذہب کا احترام کرتی ہے۔ انڈیا کا آئین شہریوں کو کسی بھی مذہب پر عمل کرنے کی آزادی دیتا ہے۔ یہ حق بھی دیتا ہے کہ وہ کسی بھی مذہب پر عمل پیرا ہوں اور تمام مذاہب کا احترام کریں۔‘
نوپور شرما کا مؤقف
پارٹی رکنیت سے معطلی کے بعد نوپور شرما نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’گذشتہ کئی دن سے میں نے ٹی وی کے کئی مباحثوں میں حصہ لیا، جہاں ہمارے مہادیو کی مسلسل توہین اور بے عزتی کی جاتی تھی۔ مذاق کے طور پر کہا جا رہا تھا کہ یہ شیولنگ نہیں بلکہ ایک چشمہ ہے۔ سڑک کے کنارے لگے نشانات اور کھمبوں سے موازنہ کر کے شیولنگ کا مذاق اڑایا جا رہا تھا۔ میں مہادیو کی مسلسل توہین برداشت نہ کر سکی اور میں نے اس کے جواب میں کچھ کہہ دیا اگر میرے الفاظ سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہو یا کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہو چاہے وہ کوئی بھی ہو میں اپنا بیان غیر مشروط طور پر واپس لیتی ہوں۔ میرا مقصد کبھی کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں ہے۔‘
تاہم نوپور نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس بیان کے بعد سے ان کے خاندان کو اسلامی بنیاد پرستوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نوپور شرما کون ہیں؟
نوپور شرما بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی سطح کی ترجمان تھیں۔ سنہ 2015 کے اسمبلی انتخابات میں، انھوں نے نئی دہلی کی سیٹ سے دہلی کے موجودہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔
تاہم وہ الیکشن نہیں جیت سکیں اور بھاری مارجن سے ہار گئیں تھیں۔ نوپور بی جے پی دہلی میں ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن بھی رہی ہیں۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوتھ ونگ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کا بھی جانا پہچانا چہرہ ہیں۔
نوپور شرما 23 اپریل 1985 کو پیدا ہوئیں۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دہلی کے متھرا روڈ پر واقع دہلی پبلک سکول سے مکمل کی۔ انھوں نے اپنی گریجویشن ہندو کالج دہلی سے مکمل کی۔ وہ اکنامک آنرز میں گریجویٹ ہیں۔ سنہ 2010 میں، انھوں نے دلی کی لا فیکلٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی۔
نوپور شرما نے لندن سکول آف اکنامکس سے ایل ایل ایم کیا۔ ان کا تعلق ایک سفارتی اور کاروباری گھرانے سے ہے۔











