جے پور کے سیاحتی مقام پر سیلفی لینے والے 16 افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں آسمانی بجلی گرنے سے 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کے بارے میں کہا گیا کہ وہ جے پور میں 12ویں صدی میں تعمیر کیے گئے امر قلعے کے مینار پر تیز بارش کے دوران سیلفیاں لے رہے تھے جب ان پر آسمانی بجلی گری۔
اطلاعات کے مطابق مینار پر 27 افراد موجود تھے جب یہ واقعہ رونما ہوا اور بجلی گرنے پر کئی لوگوں نے وہاں سے زمین پر چھلانگ لگا دی۔
اس کے علاوہ ریاست میں بجلی گرنے کے دیگر واقعات کی وجہ سے مزید درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
انڈیا میں سنہ 2004 سے اوسطاً دو ہزار سے زیادہ افراد کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے کی باعث ہو چکی ہے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مینار اس قلعے میں سیاحوں کی دلچپسی کا مرکز ہے اور ہلاک ہونے والوں میں اکثریت نوجوان افراد کی ہے۔
اتوار کو اس واقعے کے علاوہ راجستھان کے دیگر علاقوں سے بھی آسمانی بجلی سے ہلاک ہونے والے مزید نو افراد کی اطلاعات ملی ہیں۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ اشوک گھیلوت نے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لیے پانچ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا میں مون سون کا موسم اپنے ساتھ شدید ترین بارشیں لاتا ہے اور یہ سلسلہ جون سے ستمبر تک جاری رہتا ہے۔
انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق 1960 کی دہاٰئی کے بعد سے آسمانی بجلی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے اور اس کے ایک وجہ انھوں نے ماحولیاتی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اعداد و شمار کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 1990 کے وسط کے بعد سے اس میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تین برس قبل 2018 میں انڈیا کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف 13 گھنٹے کے دورانیے میں آسمانی بجلی گرنے کے 36749 واقعات رپورٹ ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ان علاقوں میں زیادہ پیش آتے ہیں جہاں کم درخت ہیں اور اس کی وجہ سے لوگ اس کا نشانہ بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے کیا کرنا چاہیے:
- کسی بڑی عمارت یا گاڑی میں پناہ لیں۔
- بڑی اور کھلی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں اور اونچے مقامات پر نہ جائیں۔
- اگر پناہ لینے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے تو کوشش کریں کہ خود کو ہدف بنانے سے محفوظ رکھیں اور اپنے آپ کو جھکا کر بیٹھ جائیں۔
- اونچے درختوں کے نیچے جگہ نہ لیں۔
- اگر آپ پانی میں ہیں تو فوراً باہر نکل جائیں۔













