فیس بک کی انڈیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس جیو میں ساڑھے پانچ ارب ڈالر سرمایہ کاری

The logo of social media giant Facebook is seen on a screen of a phone next to a red illustration of world and financial markets.

،تصویر کا ذریعہGetty Images

فیس بک انتظامیہ نے انڈین موبائل انٹرنیٹ کمپنی ریلائنس جیو میں 5.7 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

ریلائنس انڈیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی ملکیت ہے۔ اس ڈیل کے بعد 9.99 فیصد حصص کے ساتھ فیس بک ریلائنس انڈسٹریز میں سب سے بڑی اقلیتی شراکت دار کمپنی بن جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی فیس بک انڈیا میں اپنے قدم مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ فیس بک کی چیٹ سروس واٹس ایپ کے انڈیا میں 400 ملین صارفین ہیں اور مستقبل قریب میں فیس بک انڈیا میں پےمنٹس سروس کا اجرا بھی کرنے جا رہی ہے۔

فیس بک کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'یہ سرمایہ ہماری انڈیا سے وابستگی کا اظہار ہے۔ یہ اس بات کا بھی اظہار ہے کہ کیسے (ریلائنس) جیو نے ملک (انڈیا) میں ڈرامائی تبدیلی برپا کی ہے۔'

یہ بھی پڑھیے

فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا ارادہ واٹس ایپ اور ریلائنس ای کامرس وینچر، جیو مارٹ، میں اشتراک پر توجہ مرکوز کرنا ہے تاکہ لوگوں کو کاروباروں اور دکانوں کے ساتھ جوڑا جا سکے۔

رواں سال فروری میں انڈین حکام نے 'واٹس ایپ پے' کو اپنا کام سلسلہ وار شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ یہ اجازت واٹس ایپ پے کی جانب سے دو برس تک ٹرائل ورژن چلانے کے بعد دی گئی تھی۔

امبانی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمکیش اور ان کے بھائی انیل انڈیا کے امیر ترین لوگوں میں شمار ہوتے ہیں

اپنے بیان میں ریلائنس جیو کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف ان کی کمپنی بلکہ ملک کے لیے بھی اچھا ہو گا۔ 'یہ شراکت داری انڈیا کی ہمہ جہت ترقی کے عمل کو تیز اور انڈین معیشت اور عوام کی ضرورتوں کو پورا کرے گی۔'

سنہ 2016 میں اپنی لانچنگ کے بعد ریلائنس جیو نے 370 ملین صارفین سے اپنا ناطہ جوڑا ہے۔ اتنی تیزی سے ترقی کی وجہ سے کمپنی کو بہت بڑی رقوم بطور قرض لینی پڑی ہیں۔ فیس بک کے ساتھ معاہدے کے باعث ریلائنس کو اگلے برس مارچ تک اپنے منصوبے کے مطابق نیٹ قرض ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

انڈیا کو فیس بک اور واٹس ایپ کی بڑی مارکیٹ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ کنسلٹینسی فرم پی ڈبلیو سی کے مطابق سنہ 2022 تک دنیا کی اس سب سے بڑی جمہوریت میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد بڑھ کر 850 ملین تک پہنچ جائے گی۔

اس معاہدے کے بعد انڈین ٹیلی کام پلیٹ فارمز اور امریکہ کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

گذشتہ برس مائیکروسافٹ نے ریلائنس جیو کے ساتھ شراکت داری کے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

فیس بک اور ریلائنس کا معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی کمپنیوں کے لیے انڈین مارکیٹ کا حصہ بننا بہت زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انڈین حکومت نے ملک میں کاروبار کرنے والے اورسیز کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔