سوشل میڈیا پر وائرل تصویر: ’یہ ابھینندن نہیں کوئی اور ہے‘

ابھینندن کی تصویر سمجھ کر شیئر کی جانے والی تصویر

،تصویر کا ذریعہSM VIRAL POST

،تصویر کا کیپشناس تصویر کو ہزاروں مرتبہ شیئر کیا گیا ہے
    • مصنف, فیکٹ چیک ٹیم
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

سوشل میڈیا پر وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان سے مشابہت رکھنے والے ایک شخص کی تصویر وائرل ہوئی ہے جس کے ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا ہے دراصل یہ پائلٹ ابھینندن ہیں جنھوں نے نہ صرف بی جے پی کی بھرپور حمایت کی ہے بلکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو ووٹ بھی دیا ہے۔

وائرل ہونے والی تصویر کے ساتھ تحریر میں کہا گیا ہے کہ 'وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان نے کھل کر بی جے پی کی حمایت کی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ووٹ بھی دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں مودی سے بہتر وزیر اعظم نہیں ہو سکتا۔ دوستوں! جہادیوں اور کانگریس کو بتا دیا جائے کہ وہ کسی بھی فوجی کو زندہ واپس نہیں لا سکتے'۔

یہ بھی پڑھیے

ونگ کمانڈر ابھینندن

،تصویر کا ذریعہPakistan Information Ministry, ISPR

،تصویر کا کیپشن27 فروری کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان کی فضائیہ نے ونگ کمانڈر ابھینندن کا طیارہ مار گرایا تھا

27 فروری کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان کی فضائیہ نے وِنگ کمانڈر ابھینندن کا طیارہ مار گرایا تھا جبکہ انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انھیں یکم مارچ کو واہگہ سرحد پر انڈین حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

بظاہر وائرل ہونے والی تصویر سے یہی لگتا ہے کہ ان کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اب سیاسی مفاد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ دائیں بازو کے فیس بک گروپس جیسا کہ ’نیمو بھکت‘ اور ’مودی سینا‘ سے اس تصویر کو زیادہ شیئر کیا جا رہا ہے۔

اس تصویر کو فیس بک اور ٹوئٹر پر ہزاروں مرتبہ دیکھا اور شئیر کیا جا چکا ہے۔

وائرل ہونے والی تصویر

،تصویر کا ذریعہSM Viral post

،تصویر کا کیپشنبی بی سی کی ٹیم نے ابھینندن اور وائرل ہونے والی تصویر میں موجود شخص کے خدوخال کا مشاہدہ کیا

بی بی سی کے وٹس ایپ صارفین نے بھی اس تصویر کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا اور بی بی سی نے پتہ لگایا ہے کہ اس تصویر کے بارے میں کیے گئے دعوے بے بنیاد ہیں اور یہ تصویر وِنگ کمانڈر کی ہے ہی نہیں۔

حقیقت کیا ہے؟

پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد یہ پائلٹ انڈیا میں ہیرو بن گئے ہیں اور ان کی موچھیں بھی اتنی مقبول ہوئیں کہ لوگ ان جیسی موچھیں رکھنے لگے۔

اس تصویر میں موجود شخص نے ابھینندن جیسی موچھیں رکھی ہوئی ہیں، دھوپ کا چشمہ اور بی جے پی کے نشان والا سکارف پہنا ہوا ہے۔

وائرل ہونے والی اس تصویر کے مشاہدے سے معلوم ہوتا ہے کہ انڈین فضائیہ کے پائلٹ اور تصویر میں موجود اس شخص کے چہرے کے خدوخال میں کافی مماثلت ہے۔

وائرل ہونے والی تصویر

،تصویر کا ذریعہTwitter search result

ابھینندن کے ہونٹوں کے نیچے بائیں جانب ایک تل ہے جو کہ تصویر میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ تصویر میں موجود شخص کی دائیں آنکھ کے نیچے ایک تل ہے جبکہ ابھینندن کے نہیں ہے۔

تصویر میں اس شخص کے پیچھے ایک دکان ہے جس پر گجراتی زبان میں 'سموسہ سینٹر' درج ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تصویر گجرات کی ہے اور اس ریاست میں ابھی عام انتخابات میں ووٹنگ نہیں ہوئی ہے۔

ابھینندن نے 27 مارچ کو سرینگر میں اپنے سکوارڈن کے ساتھ کام شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے انھیں کام پر واپس آنے سے پہلے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا لیکن انھوں نے سرینگر میں اپنے سکواڈرن میں اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وہ ابھی بھی انڈین ائیر فورس میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور فضائیہ کے قواعد کے 'دی ائیر فورس رولز 1969' کے مطابق کسی بھی افسر کو کسی بھی سیاسی تنظیم یا تحریک سے منسلک ہونے یا حمایت کی اجازت نہیں ہے۔

انڈین ائیر فورس کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ واضح ہے کہ تصویر میں موجود شخص ونگ کمانڈر ابھینندن نہیں ہے۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

لیکن یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وہ فیک نیوز کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کی رہائی کے چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر ان کے نام سے ایسے کئی اکاؤنٹ یہ دعویٰ کرتے دیکھے گئے تھے کہ وہ ابھینندن کا اکاؤنٹ ہے لیکن انڈین ائیر فورس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس کی تردید کی تھی۔