انڈیا: پرینکا گاندھی بھی سیاسی میدان میں اترا آئیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کانگریس پارٹی نے سنہ 2019 کے عام انتخابات سے قبل پرینکا گاندھی کو باضابطہ طور پر سیاسی میدان میں اتار دیا ہے۔
پارٹی نے بدھ کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مشرقی اترپردیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ فروری کے پہلے ہفتے سے اپنی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
'پرینکا گاندھی میں اندرا گاندھی کا کرشمہ جلوہ گر ہے۔'انھیں اندرا گاندھی کی بہترین شبیہ کا حامل کہا جاتا ہے اور ایک زمانے سے ان سے مطالبہ بھی کیا جاتا رہا تھا کہ وہ کانگریس کی کمان سنبھالیں تاہم وہ ہر بار سرگرم سیاست میں آنے سے گریز کرتی رہیں تھیں۔‘
یہ بھی پڑھیئے
لیکن سنہ 2019 کے عام انتخابات سے پہلے پرینکا گاندھی نے سرگرم سیاست میں باضابطہ آنے کے لیے حامی بھر دی ہے جو کہ ہندوستانی سیاست کا سب سے بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے کہا کہ انھیں ذاتی طور پر پرینکا کی جانب سے رضامندی ظاہر کرنے پر خوشی ہے۔
ان کے سرگرم سیاست میں آنے کی خبر کے ساتھ ہی ان کے انتخابات لڑنے پر سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بہرحال پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کے لیے جنرل سیکریٹری مقرر کرنے سے جہاں کانگریس کے کارکنوں میں نئی جان پڑنے کی امید ہے وہیں حال ہی میں اترپردیش کی دو بڑی جماعتوں سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد کو ایک پیغام بھی ملتا نظر آتا ہے۔
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ دونوں پارٹیوں کے سربراہان مایاوتی اور اکھلیش یادو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
حکمراں جماعت بی جے پی نے پرینکا کی آمد کو راہل کی ناکامی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر کانگریس کو ایک خاندان کی پارٹی کہا ہے۔
لیکن دوسری پارٹیوں نے پرینکا گاندھی کی سیاست میں آمد کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے جبکہ بعض لوگوں نے اسے کانگریس کی ترکش کا آخری تیر بھی کہا ہے۔








