روہنگیا مسلمانوں کو میانمار واپس بھیجنے کا معاہدہ طے پاگیا

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty
بنگلہ دیش نے میانمار کے ساتھ ایک معاہدہ طے کر لیا ہے جس کے مطابق میانمار میں فوجی کارروائی کے دوران ہزاروں کی تعداد میں نقل مکانی کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو واپس بھیجا جائے گا۔
میانمار کے دارالحکومت نیپیدو میں طے پانے والے اس معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
بنگلہ دیش کا کہنا ہے یہ پہلا قدم ہے۔ میانمار نے کہا ہے کہ وہ روہنگیا کو ’جلد از جلد‘ واپس لینے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیے
امدادی اداروں نے روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کی ضمانت کے بغیر ان کی زبردستی واپسی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ روہنگیا مسلمان بے وطن اقلیت ہیں جنھیں عرصہ دراز سے میانمار میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
اگست میں میانمار کی ریاست رخائن میں شروع ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد ساٹھ ہزار سے زیادہ افراد نے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں نقل مکانی کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بدھ کو امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا تھا کہ میانمار کی اقلیتی آبادی روہنگیا کے خلاف فوجی کارروائی نسل کشی پر مشتمل ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
میانمار کی فوج نے روہنگیا افراد کے قتل، ان کے دیہات کو نذرآتش کرنے، خواتین اور لڑکیوں کے ریپ اور لوٹ مار کی تردید کی تھی۔
یہ دعوے بی بی سی نامہ نگاروں کی جانب سے دیکھے گئے شواہد کے منافی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اسے نسل کشی قرار دیا جا چکا ہے۔
بنگلہ دیش سے روہنگیا افراد کی واپسی کا عمل کب شروع ہوگا، یا میانمار کی جانب سے واپسی کی شرائط کیا ہیں، یہ واضح نہیں ہے۔
تاہم دونوں ممالک اس مسئلے کی وجہ سے مختلف وجوہات کی بنا پر دباؤ میں ہیں۔
بنگلہ دیش اپنے عوام کو دکھانا چاہتا ہے کہ روہنگیا کو مستقبل رہائش نہیں فراہم کی جائے گی جو حالیہ نقل مکانی سے پہلے ہی چالیس ہزار روہنگیا مسلمانوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
دوسری جانب برما کے حکام اور خاص طور ہر رہنما آنگ سان سوچی کو اس بحرن کے حل کے لیے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔










