دو انڈین شہری پاکستان میں ’لاپتہ‘

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں واقع خواجہ نظام الدین اولیا کی درگاہ سے تعلق رکھنے والے دو صوفی علما کے مبینہ طور پر پاکستان میں لاپتہ ہونے کے بارے میں تاحال کوئی نئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
جمعرات کو انڈیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈیا کے شہر دہلی میں واقع خواجہ نظام الدین اولیا کی درگاہ سے تعلق رکھنے والے دو صوفی علما مبینہ طور پر پاکستان سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے وزارتِ خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعرات کو بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کو انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے دو بھارتی شہریوں کی گمشدگی کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی ہے جس کو مزید کاروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔
تاہم اس حوالے سے وزارتِ خارجہ کی طرف سے تا حال کوئی تازہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں کے مطابق اور آصف نظامی اور ان کے بھتیجے ناظم نظامی بدھ کے روز لاہور میں داتا دربار کی زیارت کے بعد سے لاپتہ ہو گئے تھے۔
ان کی گمشدگی کے حوالے سے ان کے خاندان کے افراد کو اس وقت تشویش ہوئی جب ان کو ٹیلی فون پر رابطہ نہ کیا جا سکا۔ ان کے خاندان نے اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کو ان کی ممکنہ گمشدگی سے آگاہ کیا۔
لاہور میں داتا دربار کے ایک منتظم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں انڈین صوفی علما نے دو روز قبل داتا دربار کی زیارت کی تھی۔
نام نہ بتانے کی شرط پر انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے دونوں علما کو دربار میں دیکھا تھا۔ تاہم دربار سے جانے کے بعد وہ کہاں گئے اس کا ان کو علم نہیں۔ تاہم دربار کے ایک اور منتظم کا کہنا تھا کہ یہ دونوں بھارتی علما گذشتہ برس بھی کئی بار داتا دربار میں زیارت کے لیے آتے رہے ہیں اور وہ ان کی مہمان نوازی بھی کرتے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی نے لاہور میں ایئر پورٹ پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی یعنی ایف آئی اے کے امیگریشن کے دفتر سے رابطہ کیا تو وہاں موجود اہلکار نے دونوں بھارتی شہریوں کے ایئر پورٹ سے جہاز میں سوار ہونے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔








