علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 | | | یہ پہلی پریس کانفرنس پارٹی کے دفتر ماڈل ٹاؤن میں ہوئی |
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے اپنی وزارت اعلٰی کے خاتمہ کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اب صوبے کا خزانہ ہارس ٹریڈنگ اور اراکین اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کرانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ یہ پہلی پریس کانفرنس پارٹی کے دفتر ماڈل ٹاؤن میں ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ ’قوم کی رقم کے اس ناجائز استعمال کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے‘۔ اس سے پہلے پنجاب کے گورنر اور چیف ایگزیکٹو سلمان تاثیر نے صوبے بھر کے بلدیاتی نمائندوں کے منجمند فنڈز بحال کرنے اور ان کے دفاتر واپس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر سے پنجاب کے ستائیس ناظمین نے چیف ایگزیکٹو آفس آٹھ کلب روڈ پر ملاقات کی۔اس ملاقات میں مسلم لیگ نون کے حامی ضلعی ناظمین شامل نہیں ہوئے۔ گورنر پنجاب نے ضلعی ناظمین کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس ترقی کی سکیمیں تیار پڑی ہیں اس لیے پورے صوبے میں فوری طور پر ترقیاتی کام شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے اسے صوبے کے عوام کے لیے ایک خوشخبری بھی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی رابطہ افسروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کی آئینی حثیت کا احترام کریں اور ان کی بات مانیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی مدت میں توسیع زیِر غور ہے اور فیصلہ ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سستی روٹی سکیم جاری رہے گی اور رعایتی نرخوں پر آٹا لیکر سستی روٹی فراہم نہ کرنے والے تندور مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ادھر پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد واپس لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعلی کا دفتر نوے شاہراہ قائد اعظم پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کردیں گے۔ |